سہ ملکی سیریز،سری لنکا پاکستان کوہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

سہ ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا ناقابل شکست پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا۔
پاکستان ٹرائی سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 25.3 اوورز میں صرف 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔
پاکستان نے ٹاس کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کا آغاز کیا تو ابتدا ہی سے بیٹرز مشکلات کا شکار رہے۔ فخر زمان 5 اور معاذ صداقت 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ بابر اعظم نے 33 گیندوں پر 29 رنز بنا کر مزاحمت کی۔ سعد بیگ 5 اور سلمان آغا 9 رنز بنا سکے۔
حسن نواز نے 31 گیندوں پر 17 رنز بنائے، تاہم وہ بھی ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے میں ناکام رہے۔ شاداب خان 2، عرفات منہاس 10 اور حارث رؤف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 13 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔ نسیم شاہ 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور یوں پاکستان کی پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 34 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سہان آراچیگے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونتھ ویلالاگے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
111 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے جارحانہ انداز اپنایا اور ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے باوجود پاکستانی بولرز کو مزید کامیابی حاصل کرنے کا موقع نہ دیا۔ کامندو مینڈس نے 60 گیندوں پر 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ پاون رتھنائیکے نے 26 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اویشکا فرنینڈو نے 17 گیندوں پر 16 اور کپتان کوسل مینڈس نے 6 گیندوں پر 8 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کے باعث ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سری لنکا نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
