مریم نوازکا بدتہذیبی کاشکارسیاسی جماعتوں کاعلاج کرنےکااعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکہنا ہےکہ بدتہذیبی کی بیماری میں مبتلا سیاسی جماعتوں کاعلاج کریں گے۔

پاکپتن میں وزیراعلیٰ پنجاب  نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے لائیواسٹاک کارڈکا باقاعدہ اجرا کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا پاکپتن میں لائیوسٹاک کارڈ کی تقسیم کی  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جن کا قدم اٹھے تو ملک کے خلاف اٹھے، منہ کھولیں تو بدتہذیبی اورگالی نکلے، انہیں فٹ اینڈ ماؤتھ کی بیماری ہے، ہم نہ صرف جانوروں کی بیماریوں کا علاج کریں گے بلکہ کئی سیاسی جماعتوں کو جو بیماریاں ہیں اس کا بھی اچھا علاج کریں گے۔

 وزیراعلیٰ  نے چیف منسٹر لائیو اسٹاک کارڈ بھی تقسیم کیے،کارڈ کے ذریعےکسانوں کو چار ماہ کے لیے بغیرسود قرضے دیےجائیں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے تھے سڑکیں بنانے سے کوئی قوم ترقی نہیں کرتی، لیکن سڑک کے بغیر کبھی ترقی نہیں آسکتی۔آج عوام کا پیسا عوام پر خرچ ہوتا نظر آرہا ہے، پچھلی حکومت کے پاس بھی پیسا تھا، وہ پیسا کدھرگیا؟

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ معاشی اشاریے بہتر ہورہے ہیں، ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہےاور استحکام نظر آرہا ہے، پنجاب واحد صوبہ ہےجس میں آٹےاور روٹی کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، باقی صوبوں میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے روز اپنی ٹیم سےبحث کرتی ہوں، 15 کروڑ عوام نے روٹی کھانی ہےاس لیےقیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دوں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ اب وقت ہےکہ معاشی بہتری کا ثمر عام عوام کو ملنا شروع ہو، لوگوں کےذرائع آمدن میں اضافہ ہونا چاہیے، عوام کےپاس اتنی استطاعت ہو کہ اپنے بچوں کو تین وقت کی روٹی کھلا سکیں۔

انہوں نےکہا کہ لائیو اسٹاک کارڈ کا پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہےجس میں عوام کو فی جانور ( اگر 10 سے کم جانور) ہیں تومذکورہ کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ 70 ہزار روپے بلا سود 4 ماہ کے لیےدیئےجائیں گےتاکہ جانوروں کی بہترین دیکھ بھال کی جاسکے۔

Back to top button