ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا: ترجمان پی سی بی

ترجمان پی سی بی عامر میر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا،اس حوالے سے مشاورت جاری ہے اور کل تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے اگلے میچز کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ آئی سی سی نے پاکستان کے اعتراض پر میچ ریفری اینڈی کرافٹ کو ہٹا کر ان کی جگہ رچی رچرڈسن کو لگانے کی تجویز منظور کر لی ہے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری تبدیل کر دیا جس کے بعد ایشیا کپ کا تنازع حل ہو گیا۔ ذرائع کا دعوی تھا کہ اس مثبت پیش رفت کے بعد پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایشیا کپ کے بقیہ میچز شیڈول کے مطابق کھیلے گا جہاں وہ بدھ کو یو اے ای سے مدمقابل ہو گا۔ تاہم اب ترجمان پی سی بی نے ایسی تمام اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچز کھیلنے یا نہ کھیلنے بارے حتمی فیصلے کا اعلان کل کیا جائے گا۔

تاہم ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا پاکستان کرکٹ بورڈ کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے تاہم پاکستان کے میچز سے پائکرافٹ کو ہٹا دیا گیا ہے اس سلسلے میں آئی سی سی نے اپنے فیصلے سے پی سی بی کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہوگا، اینڈی پائی کرافٹ نے اس سے قبل پاکستانی میڈیا مینجر سے کہا تھا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے جان بوجھ کر ہاتھ ملانے سے روکا، انہوں نے بھارت کے ساتھ مل کر کام کیا۔میچ ریفری نے ٹاس کے وقت سلمان علی آغا کو مائیک بند کرکے بات سننے کا کہا تھا۔

Back to top button