پاکستان کے منہ توڑ جواب پر مودی سرکار بوکھلا گئی،عرب ممالک کے ترلے شروع

بھارت کے بزدلانہ اور شرمناک حملے پر پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب ملنے کے بعد مودی سرکار بوکھلا گئی، بھارت نے پاکستان کے تابڑ رؤتوڑ حملوں سے بچنے کیلئے عرب دنیا سے کشیدگی کم کرانے کیلئے ترلے شروع کر دئیے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے عرب دنیا کے حکمرانوں سے رابطہ کیا ہے اور درخواست کی ہے کہ عرب حکمران خصوصاً اماراتی حکام کشیدگی کم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے عرب دنیا سے پاکستان پر اثر و رسوخ استعمال کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال پر متحدہ عرب امارات کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کشیدگی سے گریز کریں،کشیدگی سے علاقائی و عالمی امن کو خطرہ ہو سکتا ہے۔اماراتی وزیر خارجہ نے کہاکہ بات چیت اور افہام و تفہیم پر زور دینا ضروری ہے۔
خیال رہے کہ بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کرکے معصوم لوگوں کو ٹارگٹ کیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی، پاکستان میں 6 مقامات پر مختلف ہتھیاروں سے بھارت کی جانب سے 24 حملے ہوئے۔ بھارت کے بزدلانہ حملوں میں 8 پاکستانی شہید،35 زخمی ہوئے جبکہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا جبکہ پاکستانی حملے میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کیا گیا۔