ٹرمپ نے پاکستان پر بھارتی بزدلانہ حملے کو شرمناک قراردے دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بزدلانہ حملے پر ردعمل دیتے ہوئےاسے شرمناک قرار دے دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرم کی بات ہے کہ ہم نے ابھی پاکستان کے خلاف بھارت کے حملوں کے بارے میں سنا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں۔ امید ہے یہ جنگی کیفیت جلد ختم ہو جائے گی۔
دریں اثنا پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے امریکی وزیر خارجہ سے رابطہ کیا اور پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان پاک بھارت کشیدہ صورت حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کررہے ہیں، پاکستان اور بھارتی قیادت سے پرامن حل کے لئے رابطے جاری رکھیں گے، صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں کشیدگی جلد ختم ہوجائے گی۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال کو انتہائی سنجیدہ اور پیچیدہ قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ دونوں ملک ذمہ دارانہ حل کیلئے کام کریں جس سے جنوب ایشیا میں طویل المدتی اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ ایک سنجیدہ اور ڈائنامک اشو ہے۔ صورتحال مسلسل بدل رہی ہے۔واضح طور پر ہم اب بھی اسے انتہائی قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ذمہ دارانہ حل کیلئے کام کریں جس سے جنوب ایشیا میں طویل المدتی اور علاقائی استحکام برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا دونوں ملکوں کی حکومتوں سے مختلف سطح پر رابطے میں ہے۔ ہم اس صورتحال کو دور سے نہیں دیکھ رہے۔ ہم رابطے میں ہیں اور اس انتہائی پیچیدہ صورتحال سے آنے والی رپورٹس سے آگاہ ہیں۔ترجمان محکمہ خارجہ ٹیمی بروس پاکستان اوربھارت کی صورتحال پر صدر ٹرمپ اور وزیرخارجہ مارکو رویبو کا حوالہ دیتے ہوئے پرامید نظر آئیں۔