پاکستان میں پانی چھوڑنا مودی کو مہنگا پڑے گا ، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے دوچار ہے، ایسے میں بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنا ایک اشتعال انگیز اقدام ہے، جو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مہنگا پڑے گا۔
مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی جان بوجھ کر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اور بھارتی میڈیا کی رپورٹنگ نے ان کے عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔
گورنر سندھ نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا "مودی! معصوم لوگوں کی بددعائیں تمہیں جینے نہیں دیں گی۔ تم نے پانی چھوڑ کر انسانیت کے خلاف سازش کی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ مودی نے سازشوں کا انبار لگا دیا ہے:
"پہلے تمہارے جہاز گرائے، اب تمہاری آئی ٹی ایکسپورٹ گرائیں گے۔ ہم معرکہ معیشت منائیں گے، اور تمہیں تاریخ یاد دلا دیں گے۔”
کامران ٹیسوری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اس وقت ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی (Special Investment Facilitation Council) کے تحت ون ونڈو آپریشن جاری ہے اور دنیا کے کئی ممالک پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں، جن میں ترکیہ، چین، سعودی عرب، یو اے ای، قطر، آذربائیجان اور روس شامل ہیں۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا "ہمیں معرکہ معیشت منانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔”
انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ مودی سرکار نے نہ صرف ہماری مساجد کو نشانہ بنایا بلکہ معصوم بچوں کو بھی شہید کیا۔
ان کا کہنا تھا "ہم جانتے ہیں کہ ہمارا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ جن قوموں کی افواج کمزور ہوتی ہیں، ان کے انجام سب کے سامنے ہیں۔
ہم نے اس سے بڑے دشمن کو بھی شکست دی ہے۔
گورنر سندھ نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہم آج جو سکون سے نیند سوتے ہیں، وہ ہماری افواج کی بدولت ہے۔
شہدا ہمارا فخر ہیں، ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
