کسی سیٹ پلیئر کی جگہ عامر کو کھلانا غلط ہوگا، معین خان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر کو سیٹ پلیئر کی جگہ پر کھلانا غلط ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیمپئن وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا تھا کہ سینئر پلیئرز کو تو کبھی نہ کبھی جانا ہے، اس لیے جونیئر کو تیار کرنا اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ عامر لیگ کھیل رہا، پرفارم کر رہا ہے، اگر پراسس کے تحت آتا ہے اور جگہ بنتی ہے تو آنا چاہیے لیکن کسی سیٹ پلیئر کی جگہ عامر کو کھلانا غلط ہوگا۔
معین خان کا کہنا تھا کہ کوچ ملکی ہو یا غیر ملکی، ایمانداری سے کرکٹ کیلئے کام کرے۔
سابق کپتان نے پاک بھارت کرکٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں تعلقات ہمیشہ دو طرفہ ہوتے ہیں۔ اگر بھارت پاکستان آکر ایشیا کپ نہیں کھیلتا تو پی سی بی کو بھی وہاں ورلڈکپ کھیلنے نہیں جانا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں ایشیا کپ نہیں ہوتا تو بھارت میں بھی ورلڈکپ بھی نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی کرکٹ ہونی چاہے، کرکٹ ڈپلومیسی ہونی چاہیے۔ پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی سی آئی بات کریں کہ کرکٹ متاثر نہ ہو۔
معین خان کا کہنا تھا کہ یہ چیزیں افہام و تفہیم سے حل ہونی چاہئیں، ہر بورڈ برابر ہے، پیسوں پر تفریق نہیں ہونی چاہیے، پیسوں کی دھونس پر کچھ نہیں چلتا۔
شاداب خان کی کپتانی سے متعلق بات کرتے ہوئے معین خان کا کہنا تھا کہ شاداب کی قیادت کو نوجوان ٹیم کے ساتھ ایک سیریز پر جج کرنا نامناسب ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاہین نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اچھی قیادت کی وہ مستقبل میں اچھا کپتان ہوسکتا ہے۔
اپنے بیٹے اعظم خان کی افغانستان کے خلاف سیریز میں مایوس کن پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ اعظم سے کہاں غلطیاں ہوئیں وہ اس کو خود درست کرے گا۔
