سعودیہ کا حوثیوں کے 4 ڈرونز اور 2 بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

سعودی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہےکہ یمن کےحوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط پر داغےگئے 4 ڈرونز اور خمیس مشیط اور جازان کے علاقوں میں داغےگئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا ہے۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہاکہ اتحاد حوثی دہشت گرد ملیشیا کو روکنے کےلیے آپریشنل اقدامات جاری رکھےہوئے ہے اور ان پر عمل درآمد کررہا ہے۔
خیال رہے کہ قبل ازیں میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ منگل 29 ستمبر کی صبح 5 بج کر 11 منٹ پر مدینہ منورہ میں طیبہ گرڈ سٹیشن کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایاگیا۔
ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام کی تحقیقات، شواہد اور حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون کے ملبے کے تجزیے سے اس حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں حوثی ملیشیا کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
بیان میں کہاگیا تھاکہ حملے کے نتیجے میں بجلی کا ایک ٹرانسفارمر عارضی طور پر غیرفعال ہوا تاہم مجموعی طور پر بجلی کی ترسیل اور نیٹ ورک متاثر نہیں ہوا۔
پاکستان کی مدینہ پاور سٹیشن پر حوثی حملے کی مذمت، سعودیہ سے اظہارِ یکجہتی
ترجمان کےمطابق مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنےوالے شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت مقدس مقامات کو نشانہ بنانےکی کوششوں کا تسلسل اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو دانستہ طور پر مجروح کرنے کی اشتعال انگیز کارروائی ہے۔
اتحادی افواج نے واضح کیا ہےکہ حوثی ملیشیا کو باز رکھنے،حرمین شریفین کے تحفظ اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں زائرین کی سلامتی یقینی بنانے کےلیے ضروری اقدامات جاری رکھےجائیں گے۔
