پاکستان کی مدینہ پاور سٹیشن پر حوثی حملے کی مذمت، سعودیہ سے اظہارِ یکجہتی

ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان مدینہ پاور سٹیشن پر حوثی ملیشیا کے حملہ کی شدید مذمت کرتاہے اور سعودی عرب سے مکمل اظہار یکجہتی کرتاہے۔
وزارت خارجہ کےمطابق حوثی ملیشیا نے 29 ستمبر کو ترسیل سٹیشن پر حملہ کیا، نبی پاک ﷺ کی مسجد کو بجلی فراہمی کے سول نظام پر حملہ ناقابل قبول ہے،حملہ سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دو مقدس مقامات اور وہاں موجود عازمین کی حفاظت اور احترام ہرحال میں لازم ہے،پاکستان ایسے حملے فوری اور غیرمشروط روکنے کا مطالبہ کرتا ہے،ایسے حملے خطے کی سلامتی اور امن کےلیے بڑا خطرہ ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی یکجہتی کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی یکجہتی اور تقدس کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ترجمان کےمطابق پاکستان دونوں مقدس مساجد کے تحفظ،عوام کی حفاظت اور عازمین کے تحفظ کےلیے سعودی عرب کی کوششوں کے ساتھ کھڑا ہے،پاکستان خطہ میں امن کےلیے کوشاں رہاہے اور یہ کوششیں جاری رکھےگا۔
