پی ایس ایل،کراچی کنگزسےشکست کےبعدملتان سلطانزپلےآف سے باہر

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ10 کے 20 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 87 رنز سے شکست دے کر پلے آف سے باہر کردیا۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، وارنر اور ٹم سیفرٹ نے ٹیم کو 53 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، سیفرٹ 22 رنز بنانے کے بعد عبید شاہ کا شکار بنے۔
اگلے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر 30 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹے جس کے بعد آنے والے عمیر یوسف صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، جیمز ونس نے عرفان خان نیازی کے ساتھ ملکر 78 رنز کی اہم شراکت قائم کی، عرفان 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
تاہم، جیمز ونس کیریز پر ڈٹے رہے اور اپنی نصف سینچری مکمل کی وہ 45 گیندوں پر 65 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جب کہ خوشدل شاہ نے 13 گیندوں پر 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد نبی نے 3، میر حمزہ اور خوشدل شاہ نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 2، ڈیوڈ ویلے اور کرٹس کیمفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
205رنز کے ہدف کے جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 17 ویں اوور میں 117 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور شکست کے باعث ایونٹ کے پلے آف سے بھی باہر ہوگئی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے دونوں اوپنرز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، کپتان محمد رضوان دوسرے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عثمان خان بھی ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے ۔
کامران غلام 29 اور یاسر خان 26 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، رٹس کیمفر 12، افتخار احمد 8، مائیکل بریسویل 2، ڈیوڈ ویلے صفر اور عبید شاہ 14 رنز پر آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز کی جانب سے محمد نبی نے 3، خوشدل شاہ، میر حمزہ نے 2،2 اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔