مری ایکسپریس وے: سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار،8افراد جان کی بازی ہار گئے

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی بھاری نفری اور مری انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ پولیس حکام کے مطابق سیاحوں کی گاڑی تیز رفتاری کی وجہ سے حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، دروازے بند ہونے کی وجہ سے مسافر گاڑی سے فوری باہر نہ نکل سکے جس کی وجہ سے 8 مسافر فوری جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 افراد کو زخمی حالت میں گاڑی سے باہر نکالا گیا۔ جنہیں فوری ہسپتال شفٹ کردیا گیا ہے۔ جہاں پر 4 مریضوں کی حالت خطرے میں بتائی جا رہی یے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے مسافروں کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں، جبکہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا ہے جبکہ آگ لگنے کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے،ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید تفصیلات اور مصدقہ معلومات جلد جاری کی جائیں گی۔
