تین شادیاں کرنے والی نادیہ خان نے طلاقوں کی کیا وجہ بتائی؟

تین شادیاں کرنے والی مارننگ شو ہوسٹ نادیہ خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں تیزی سے پھیلنے والی بے راہ روی کی وجہ سے شادی شدہ مرد اور عورتیں ادھر ادھر منہ مارتے پھر رہے ہیں جس سے طلاق کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹی وی پروگرامز کی میزبانی سے اداکاری کی طرف آنے والی نادیہ خان کے مطابق خواتین اور مردوں کو ملنے والی آزادیاں اور ناجائز تعلقات میں آسانیاں پیدا ہونا بھی طلاق کی ایک وجہ ہے۔

سال 2001 میں فیصل ممتاز سے تیسری شادی کرنے والی نادیہ خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں اپنی نجی زندگی سمیت شوبز اور سماجی مسائل پر کھل کر باتیں کیں، شو کے دوران ان سے معاشرے میں طلاقوں کے بڑھتے رجحانات سے متعلق بھی پوچھا گیا، جس پر انہوں نے بتایا کہ طلاقوں کے کئی اسباب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں لڑکے اور لڑکی کا رابطہ ہونا اور تعلق بننا بہت مشکل ہوتا تھا، ایسا کبھی کبھار ہوتا کہ کوئی لڑکا ہمت کرکے لڑکی کے سامنے لو لیٹر پھینک کر بھاگ جاتا۔ مگر اب صورت حال بالکل مختلف ہو چکی ہے۔ اب تو نہایت ڈھٹائی اور بے شرمی کے ساتھ کھلے عام لڑکے اور لڑکیاں ڈیٹس مارتے پھرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلاقوں کی بڑی وجہ یہ ہے کہ اب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مخلص اور وفادار نہیں رہے اور خصوصا ًمرد بے راہ روی کا شکار ہیں۔

نادیہ خان نے کہا کہ اب آسانیاں پیدا ہو گئی ہیں اور مرد حضرات کو ہر طرف لڑکیاں ہی لڑکیاں دکھائی دیتی ہیں، جس وجہ سے اب انہیں گھر سنبھالنے اور بچوں کی پرورش کرنے والی بیویاں اچھی نہیں لگتیں۔ ان کے مطابق اب مردوں کے لیے غلط خواہشوں کی تکمیل کرنا بہت آسان ہو چکا ہے، کیوں کہ اب ان کے پاس آپشنز بہت ہیں، انکے پاس گھر ہیں، اپارٹمنٹس ہیں، اور ڈیٹنگ پوائنٹس اور ایپس بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کے لیے تمام بندشیں ختم ہو چکی ہیں اور پابندیاں صرف عورتوں کے لیے ہیں، انہوں نے بتایا کہ انکی کچھ دوست لڑکیوں کے شادی شدہ مرد حضرات کے ساتھ تعلقات ہیں لیکن انہیں ایسے مرد حضرات پر بہت غصہ آتا ہے، کیوں کہ وہ دونوں طرف جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں، دونوں جانب چکر چلا رہے ہوتے ہیں، شادیاں کر رہے ہوتے ہیں۔

نادیہ خان نے کہا کہ انہیں ایسی لڑکیوں پر بھی غصہ آتا ہے جو شادی شدہ مردوں کے ساتھ لگی ہوئی ہوتی ہیں۔نادیہ خان نے کہا کہ بہت ساری لڑکیاں ایسی ہوتی ہیں جو ہمیشہ پیسے والے شخص کی تلاش میں رہتی ہیں اور ان کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں کوئی پیسے والا آدمی مل جائے، جو ان کے نام ایک گھر کر دے اور انہیں تین چار کروڑ روپے بھی ادا کر دے۔ اداکارہ کے مطابق اب جہاں مرد دو نمبر ہو چکے ہیں، وہیں انکی ہوس  بھی بڑھ چکی ہے، انہیں مزے کرنے ہوتے ہیں اور انکے پاس اس کے مواقع بھی کافی زیادہ ہوتے ہیں جس سے طلاقیں عام ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مرد حضرات کے لیے شادیاں کرنا، گرل فرینڈز رکھنا آسان بن چکا ہے اور جب معاشرہ آسانیاں دینے لگے تو مسائل ضرور پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلاقوں کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ خواتین بھی معاشی طور پر خود مختار ہوگئی ہیں، پہلے وہ طلاق لینے سے پہلے سوچتی تھیں کہ گھر چھوڑ کر کہاں جاؤں گی لیکن اب وہ معاشی طور پر آزاد ہونے کے بعد یہ سوچتی ہیں کہ وہ خود کمالیں گی اور بچوں کی بھی پرورش کرلیں گی۔

پاکستانی اداکارہ کا بھارتی پروڈیوسر پر جنسی ہراسانی کا الزام

Back to top button