نادرا کا چِپ کے بغیر نیا کیو آر کوڈ پر مبنی قومی شناختی کارڈ متعارف

 

 

نادرا نے پاکستان میں تیار کردہ محفوظ کیو آر کوڈ پر مبنی نیا، چِپ کے بغیر قومی شناختی کارڈ متعارف کرا دیا ہے۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق یہ اقدام خودانحصاری اور ڈیجیٹل شناخت کی آسان اور زیادہ قابلِ رسائی تصدیق کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

نادرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کےمطابق نیا پولی کاربونیٹ کارڈ نیشنل سکیورٹی پرنٹنگ کمپنی (NSPC)،کراچی نے تیار کیا ہے۔نئے کارڈ میں درآمدی مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیاگیا ہے،جس سے بیرونِ ملک سے حاصل کی جانے والی چِپ پر انحصار ختم ہونے کے ساتھ ڈیجیٹل شناخت کی تصدیق بھی آسان ہو جائے گی۔

 

یاد رہےکہ وفاقی حکومت نے 23 فروری 2026 کو نئے کارڈ کے اجراء کی منظوری دی تھی۔اس نئے کارڈ میں مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیاگیا ہے،جسے پاک آئیڈنٹیٹی (PakID) موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے سمارٹ فون پر پڑھا اور اس کی تصدیق کی جاسکے گی۔کیو آر کوڈ میں کارڈہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوں گی۔

اس سے مختلف ادارے اپنے کمپیوٹرائزڈ نظام میں نام،پتے اور دیگر مطلوبہ شناختی معلومات زیادہ آسانی اور یکسانیت کے ساتھ درج کرسکیں گے اور ڈیٹا کے اندراج کے دوران ہونےوالی غلطیوں میں بھی کمی آئے گی۔

نئے کارڈ پر خاندان نمبر کے ساتھ معذور افراد، بزرگ شہریوں،اعضاء عطیہ کرنے والے افراد اور ریاست آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کےلیے مخصوص نشانات بھی درج ہوں گے۔کارڈ ہولڈر کا نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔کارڈ کے نظر آنےوالے اور پوشیدہ سکیورٹی فیچرز کو بھی موجودہ تقاضوں اور ملک میں دستیاب تیاری کی صلاحیت کے مطابق جدید بنایاگیا ہے۔

خیال رہے کہ چِپ پر مبنی قومی شناختی کارڈ تقریباً 14 سال قبل متعارف کرایا گیا تھا۔تاہم عملی طور پر چِپ ریڈرز اور متعلقہ انفراسٹرکچر دستیاب نہ ہونے کے باعث چِپ سے منسلک سہولیات مطلوبہ انداز میں استعمال نہیں ہوسکیں۔

نادرا کےمطابق کیو آر کوڈ پر مبنی نیاکارڈ اس عملی رکاوٹ کو دور کرتاہے کیونکہ اس کی تصدیق عام فون یا کیمرے سے منسلک مناسب سافٹ ویئر کے ذریعے کی جا سکے گی۔ٹیلی کام آپریٹرز، بینکوں، ہسپتالوں،پاکستان ریلوے،پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو بھی ایسا سافٹ ویئر فراہم کیاجائے گا جس کے ذریعے وہ کارڈ پر موجود کیو آر کوڈ پڑھ کر اس کی تصدیق کر سکیں گے۔

نادرا کا کہنا ہےکہ نیا کارڈ مرحلہ وار متعارف کرایا جارہا ہے۔پہلے مرحلے میں 14 اگست 2026 سے کیو آر کوڈ کے ساتھ نیا پولی کاربونیٹ کارڈ ابھی جاری ہونے والے سادہ ٹیسلن میٹریئل والے قومی شناختی کارڈ  جوکہ چپ کےبغیر ہے کی جگہ جاری کیا جائے گا۔

جنوری 2027 سے تمام اقسام کے قومی شناختی کارڈز،بشمول قومی شناختی کارڈ برائے بیرونِ ملک پاکستانی (NICOP) اور جووینائل کارڈز کےلیے بھی یہی نیا کارڈ جاری کیا جائےگا۔

آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ (POC) کو بھی چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے کارڈ پر منتقل کر دیا جائے گا۔نادرا نے واضح کیاہے کہ پہلے سے جاری شدہ تمام اقسام کے شناختی کارڈ اپنی مقررہ مدتِ میعاد تک بدستور کارآمد رہیں گے۔

 

Back to top button