نواز شریف، حمزہ شہباز کی انتخابی کامیابی کیخلاف درخواستیں مسترد
لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، حمزہ شہباز سمیت متعدد امیدواروں کی انتخابات میں کامیابی کیخلاف درخواستیں مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
ہائیکورٹ میں امیدوار سلیم صادق کی پی پی 191 کے ووٹوں کی گنتی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سلیم صادق کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
ہائی کورٹ میں نواز شریف کی کامیابی کیخلاف این اے 130 سے امیدوار اشتیاق چوہدری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے درخواست گزار کو ریٹرننگ افسر آر او سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کیخلاف درخواست بھی خارج کردی اور درخواست گزار محمد خان مدنی کو
الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔