پاک بحریہ کا تیمور ایئر لانچ کروز میزائل کا کامیاب تجربہ

پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سےسطح سمندر پر مار کرنےوالے کروز میزائل تیمور کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق کروز میزائل کا تجربہ پاک بحریہ کی ٹھیک نشانے پر وار کرنے کی صلاحیت اور آپریشنل تیاریوں کا طاقتور مظاہرہ ہے،ائیر لانچڈ کروز میزائل نے اپنے مشن کو انتہائی درستی کے ساتھ مکمل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے نے دشمن کے سمندری خطرات کا کھوج لگانے، نشانہ بنانے اور اسے ناکارہ بنانےکی پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کی توثیق کی ہے۔
پاک بحریہ کی جانب سےیہ مظاہرہ قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم اضافے کی علامت ہے،تجربے سے روایتی میدان میں مسلح افواج کی کثیرالجہتی اور مربوط ضرب لگانےکی قوت کو مزید تقویت ملی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ قوم کے بحری مفادات اور علاقائی پانیوں کی خود مختاری کے تحفظ کےلیےعزم پرقائم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی۔
