سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے

سابق وزیراعظم نواز شریف 4 سال بعد وطن واپس پہنچ گئے۔مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کا طیارہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کرگیا۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف دبئی سے غیر ملکی ائرلائن کی خصوصی چارٹرڈ فلائٹ ایف زیڈ 4525کے ذریعے پاکستان پہنچے۔ اس پرواز کو ’امید پاکستان‘ کا نام دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم سمیت طیارے میں موجود تمام مسافروں کی امیگریشن کا عمل ائرپورٹ پر طیارے کے اندر ہی کیا جائے گا۔

اس دوران تمام مسافر جن میں صحافی اور پارٹی رہنما بھی شامل ہیں، طیارے کے اندر ہی موجود رہیں گے اور بعد ازاں اسلام آباد سے لاہور کے لیے یہ پرواز اُڑان بھرے گی۔ خصوصی پرواز میں 194 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

نواز شریف کا طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر لینڈ کرے گا، جسے اولڈ ٹرمینل یا حج ٹرمینل پر لایا جائے گا، جہاں ان کا استقبال پارٹی کی سینئر قیادت کرے گی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے پارٹی کے عام کارکنوں اور رہنماؤں کو ائرپورٹ کی جانب جانے سے پہلے ہی منع کردیا گیا ہے۔

Back to top button