رانا ثنا اللہ کی پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات کی تصدیق

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات کی تصدیق کردی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی رہنما مسلم لیگ ن رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات آن ریکارڈ نہیں،آف ریکارڈ ہیں اور تمام باتیں ہوتی رہی ہیں۔آف دی ریکارڈ گفتگو کا مقصد خیبرپختونخوا حکومت کو باور کرانا ہےکہ وہ خود کو غیر قانونی، غیر آئینی مہم سے علیحدہ کرے۔
سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہاکہ پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے جو مطالبات کررہی ہے وہ آف دی ریکارڈ مذاکرات میں نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی گئی ہے،گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کا اختیار آئینی طور پر وفاقی حکومت کے پاس موجود ہے، صوبائی حکومت کا یہ کام نہیں کہ وفاقی حکومت پر چڑھائی کرنےکو آئے۔
پی ٹی آئی 13 سال بعد بھی KP میں تبدیلی لانے میں ناکام
رانا ثنا اللہ نے کہاکہ اگر خیبرپختونخوا حکومت بضد رہتی ہےتو گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کا اقدام کیا جاسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو کارکنوں کو یہ بھی کہنا چاہیے تھاکہ جہاں پولیس روکے وہاں انہیں رک جانا چاہیے،اگر سہیل آفریدی کارکنوں کو یہ کہہ دیں تو معاملہ ہی حل ہوجاتا پھر نہ کنٹینرز کی ضرورت اور نہ ڈیتھ ٹریپ کی بات کرنے کی ضرورت ہے۔
