نئےقرضے کیلئےپاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ڈیڑھ ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کے نئے قرضے کیلئے مذاکرات شروع ہوگئے۔
کلائمیٹ فنانسنگ کے نئے قرضے پر مذاکرات کیلئےآئی ایم ایف کا تکنیکی وفدپاکستان پہنچا، آئی ایم ایف وفد28 فروری تک پاکستان میں قیام کرےگا،کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں پاکستان کوآئی ایم ایف سےڈیڑھ ارب ڈالرتک ملنے کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف کے تکنیکی وفد نے گرین بجٹنگ کے بارے میں وفاق کے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی وفد کے درمیان کلائمیٹ فنانسنگ پر مذاکرات ہوئے۔آئی ایم ایف نے گرین بجٹنگ کی ٹیگنگ، ٹریکنگ اور مانیٹرنگ پر مذاکرات کیے،آئی ایم ایف کو وفاقی اور صوبائی حکام نے گرین بجٹنگ پر بریفنگ دی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفد کو وفاق، صوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا نے کلائمیٹ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا بکہ صوبہ پنجاب اوربلوچستان کے حکام کل آئی ایم ایف کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف تکنیکی وفد نے صوبوں کو وفاق کے اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گرین بجٹنگ پر وفاق کے اقدامات پر مطمئن ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے اگلے مالی سال کے دوران بجٹ میں کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز ہے۔ آئی ایم ایف وفد سے کاربن لیوی عائد کرنے، الیکٹریکل وہیکلز اور سبسڈی پر بھی بات چیت متوقع ہے اس کے بعد آئی ایم ایف کا جائزہ مشن اگلے ماہ کے وسط تک پاکستان آئے گا۔
ذرائع کے مطابق جائزہ مشن کے ساتھ سات ارب ڈالر کے ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط حاصل کرنے کیلئے پہلے اقتصادی جائزہ پر بھی مذاکرات ہوں گے۔