پاسپورٹس کی نئی عالمی درجہ بندی، پاکستان بدستور نچلے نمبروں پر

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی 2026 کی دوسری ششماہی (جولائی تا دسمبر) کے لیے نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی گئی، جس میں پاکستان بدستور نچلے درجے پر برقرار ہے۔
ہینلے اینڈ پارٹنرز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سنگاپور مسلسل دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا، جس کے حامل افراد 192 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر کر سکتے ہیں۔ درجہ بندی میں متحدہ عرب امارات، جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ سویڈن تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ بیلجیئم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈز، ناروے اور اسپین مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کے شہری 186 ممالک میں ویزا فری رسائی رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یونان، آسٹریا، مالٹا، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ پانچویں نمبر پر رہے، جبکہ ایک وقت میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شمار ہونے والا امریکی پاسپورٹ اب دسویں نمبر تک آ گیا ہے۔ ہینلے اینڈ پارٹنرز کے مطابق متحدہ عرب امارات نے بھی اپنی مضبوط عالمی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔فہرست میں پاکستان 100ویں نمبر پر موجود ہے اور اسے دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد 30 ممالک میں ویزا فری یا آسان شرائط کے تحت سفر کر سکتے ہیں۔
پاکستان سے اوپر یمن (99ویں)، صومالیہ (98ویں)، نیپال (97ویں)، شمالی کوریا اور بنگلا دیش (96ویں)، فلسطین اور ایران (95ویں)، اریٹیریا (94ویں)، جبکہ سری لنکا اور لیبیا (93ویں) نمبر پر موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان سے نیچے صرف عراق (101ویں)، شام (102ویں) اور افغانستان (103ویں) ہیں، جن کے پاسپورٹس دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار کیے گئے ہیں۔
