خامنہ ای کی آخری رسومات کی تیاریاں مکمل، لاکھوں افراد کی آمد جاری

ایران کے شہید سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے آخری دیدار کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں ان کا جسدِ خاکی امام خمینی حسینیہ میں عوام، ملکی قیادت اور غیر ملکی معزز شخصیات کے دیدار کے لیے رکھا گیا ہے۔

دارالحکومت تہران میں آخری رسومات کے سلسلے میں غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مصلیٰ الکبیر سمیت اہم مقامات پر سخت سکیورٹی نافذ ہے، جبکہ لاکھوں افراد کی متوقع شرکت کے پیش نظر متعلقہ ادارے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی وفات امتِ مسلمہ کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عہد کا اختتام ضرور ہے، لیکن اتحاد، استقامت اور قومی ترقی کے نئے سفر کا آغاز بھی ہے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ ایرانی قوم ہر آزمائش کے بعد پہلے سے زیادہ متحد اور مضبوط ہو کر سامنے آئی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آخری رسومات میں بھرپور شرکت کر کے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔

دوسری جانب ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق انقلاب اسکوائر میں آیت اللہ علی خامنہ ای سے منسوب علامتی مٹھی بھی نصب کر دی گئی ہے، جو آخری رسومات کی تیاریوں کا حصہ ہے، جبکہ ملک بھر میں سوگ کی فضا برقرار ہے اور شہری اپنے رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بڑی تعداد میں تہران پہنچ رہے ہیں۔

Back to top button