جبری گمشدگیوں پر انکوائری کمیشن کی نئی تشکیل، جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ چئیرمین تعینات

وفاقی حکومت نے جبری گمشدگیوں کی شکایات کی تحقیقات کے لیے قائم انکوائری کمیشن کی تشکیلِ نو کرتے ہوئے جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو نیا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دیگر تقرریوں میں جسٹس (ر) نذر اکبر کو سندھ، ریٹائرڈ جج محمد بشیر کو اسلام آباد، اور جسٹس (ر) سید افسر شاہ کو خیبرپختونخوا کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد لاہور اور کراچی میں 50 سے زائد کیسز کی سماعت کی ہے۔ جولائی کے مہینے میں کمیشن نے 70 کیسز نمٹائے جبکہ 15 نئی شکایات رجسٹر کی گئیں۔
گمشدہ افراد کے اہل خانہ کی مالی امداد کے حوالے سے کمیشن نے 50 لاکھ روپے کے پیکج پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق کمیشن کو اب تک مبینہ جبری گمشدگیوں کے 10,607 کیسز موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے 31 جولائی 2025 تک 8,770 کیسز—یعنی 82 فیصد—نمٹا دیے گئے ہیں۔
مزید برآں، چیئرمین کمیشن نے پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور سندھ کے سیکریٹری داخلہ اور آئی جیز سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے تمام صوبوں کی مشترکہ تفتیشی ٹیموں اور صوبائی ٹاسک فورسز کو بروقت رپورٹ جمع کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔
