پی ٹی آئی کے 92 ارکان سہیل آفریدی کو ووٹ دیں گے : جنید اکبر

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جنید اکبر کا کہنا ہے ہمارے 92 اراکین اسمبلی سہیل آفریدی کو ووٹ دیں گے،ہماری پارٹی اور تمام کارکنان سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑے ہیں،سہیل آفریدی کو وزیر اعلی منتخب کروائیں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما جنید اکبر نے کہا کہ ہم طالبان سے بات چیت کے حامی ہیں، بات چیت کے ذریعے ہی حل نکل سکتا ہے، یہ کوئی پنجاب نہیں کہ فیصلے کہیں اور ہوں، یہاں عوام کی بات سے ہی معاملات آگے بڑھیں گے۔

جنید اکبر نے کہا کہ سہیل آفریدی پر پارٹی کا مکمل اعتماد ہے اور اسے وزیراعلیٰ منتخب کرانے کےلیے تمام کارکنان متحد ہیں۔ سابقہ فاٹا سے چیف منسٹر لانے کا مقصد قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہے۔بدقسمتی سے وزیراعلی کے انتخاب میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، جس سے فاٹا کے عوام کو غلط پیغام جاسکتا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی جنید اکبر کا کہنا تھا کہ صوفی محمد کی تحریک میں کس کا ہاتھ تھا سب جانتے ہیں، نصیراللہ بابر نے خود تسلیم کیا تھا کہ دہشت گردوں کو ٹریننگ دی گئی۔ 22 بڑے آپریشنز اور ہزاروں چھوٹے آپریشنز کے باوجود سوال یہ ہےکہ دہشت گردی کم ہوئی یا بڑھی؟ ایسے واقعات سے اداروں اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا ہوتےہیں۔”

جنید اکبر نے مزید کہا کہ ہم مفاہمت کے خواہاں ہیں، سیف ہاؤس کے مکینوں کو خیبرپختونخوا میں جگہ نہیں دی جاسکتی، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔پی ٹی آئی کو توڑنے سے ووٹ کم نہیں ہوں گے، جیسے ظلم و جبر سے بھٹو کا نام ختم نہیں ہوا۔

 

Back to top button