معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو عبرت ناک شکست دی : ایئر چیف مارشل

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں سری نگر سے بھٹنڈا تک پاک فضائیہ نے دشمن کو سبق سکھایا،بھارتی فضائیہ کو عبرت ناک اور تذلیل سے بھرپور شکست دی۔
اسلام آباد میں معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈ کوارٹرز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ائیر ہیڈ کوارٹرز میں تقریب سےخطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھاکہ پہلگام فالس فلیگ کےبعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزام لگایا،پاکستان نے بھارت کو غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی،بھارت نے پاکستان کی پیشکش کے باوجود جارحیت کی،پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھر پور اور منہ توڑ جواب دیا،بھارت کے ائیر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کو دندان شکن شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا،قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخی ہے،سری نگر سے بھٹنڈا تک پاک فضائیہ نے دشمن کو سبق سکھایا،پاکستان کے سائبر شاہینوں نے دشمن کی سائبر سکیورٹی کو تباہ کر دیا، بھارتی فضائیہ کو عبرت ناک اور تذلیل سے بھر پور شکست دی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی محافظ ہے،پاک فضائیہ نے دنیا کے سرفہرست لڑاکا طیاروں کو خاک میں ملادیا،دشمن کی تمام تنصیبات پاک فضائیہ کے نشانے پر تھیں،ایس 400 ائیرڈیفنس سسٹم کو لمحوں میں تباہ کر دیا۔
معرکۂ حق: دشمن نے پاکستان کی قوت اور عزم کا عملی مظاہرہ دیکھا، پاک افواج
ایئر چیف مارشل نے کہاکہ بنیان مرصوص میں پاکستان نے بہترین ڈرون صلاحیت کا مظاہرہ کیا،پاکستان نے فضائیہ،الیکٹرانک اور سائبر وار فیئر میں دشمن کو دھول چٹائی۔پاک فضائیہ نے ریکارڈ ٹائم میں دشمن کی تنصیبات کو تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر جوان نے معرکہ حق میں بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کیا، ہماری قومی قیادت کی وجہ سے یہ کامیابیاں سمیٹنےکا موقع ملا،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بہترین قیادت نے کامیابی میں اہم کردار کیا،پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔
