نائیک سیف علی جنجوعہ شہید کو افواجِ پاکستان کا 77ویں یومِ شہادت پر خراجِ تحسین

نائیک سیف علی جنجوعہ شہید، ہلالِ کشمیر کے 77ویں یومِ شہادت پر افواجِ پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور افواجِ پاکستان کے دیگر افسران نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید (ہلالِ کشمیر) کو ان کی بے مثال جرات، بہادری اور عظیم قربانی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نے 1948 کی جنگ کے دوران دشمن کی مسلسل پیش قدمی کے خلاف اسٹریٹجک لحاظ سے نہایت اہم پیر کلیوا پوسٹ کے دفاع میں غیر معمولی دلیری اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔ اُن کی لازوال قربانی اور عزم آج بھی ان تمام جوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دن نہ صرف نائیک سیف علی جنجوعہ شہید بلکہ اُن تمام جری سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا موقع ہے جنہوں نے فرض، قوم اور وطن سے وفاداری کی لازوال مثالیں قائم کیں۔ اُن کا حوصلہ، جرات اور ایثار ہمارے محافظوں کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا سرچشمہ رہیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی شکر گزار ہے جن کی قربانیاں ہر پاکستانی کے دل میں فخر، احترام اور ابدی امتنان کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
