جنوبی افریقہ کوشکست،پاکستان نے ٹی20سیریزنام کرلی

تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستانی باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی کمال دکھا دیا، فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں باؤلرز کے بعد بیٹرز نے بھی اپنی مہارت دکھائی اور جنوبی افریقہ کی جانب سے دیا گیا 140 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 6 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم کی زمہ دارانہ47 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز نے پاکستان کو ہدف حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، کپتان سلمان علی آغا 33 اور صاحب زادہ فرحان 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل، شاہینوں کی نپی تلی باؤلنگ کے بعد جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دیا تھا۔

میچ کی پہلی اننگز کی دوسری گیند سے ہی پاکستانی باؤلرز چھائے رہے، شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور میں وکٹ لینے کے اعزاز کو برقرار رکھتے ہوئے ڈی کاک کو پہلے آؤٹ کیا، اگلی گیند پر انہوں نے پریٹوریس کو بغیر کھاتہ کھولے واپس پویلین بھیجا۔

ابتدائی اوور میں 2 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پروٹیز بیٹرز دفاعی پوزیشن میں چلے گئے اور رنز بنانے کی کوشش میں مصروف رہے۔

تاہم پاکستانی باؤلرزنے حریف بلے بازوں کو کھل کر کھیلنےکا موقع فراہم نہیں کیا، ریزا ہنڈریکس 34 اور کوربن بوش 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ڈنووان فریرا 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

وقفے وقفے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے مہمان ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ڈیبیو کرنے والے اسپنر عثمان طارق اور فہیم اشرف نے 2،2 شکار کیے، جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔

Back to top button