پاک بھارت کشیدگی،وزیراعظم کاسعودی عرب کی حمایت پراظہارتشکر

وزیراعظم شہبازشریف نے بھارتی جارحیت کےبعد مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیرمملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی اور موجودہ سکیورٹی صورتحال سمیت پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز السعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے بھارت کے پاکستان کے خلاف میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس کی وجہ سےکئی بے گناہ شہری بشمول خواتین اور بچوں کی شہادت واقع ہوئی اور املاک کو نقصان پہنچا۔
شہبازشریف نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اس جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ وزیر اعظم نے پاکستان کی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دفاع وطن میں مثالی حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
سعودی وزیر مملکت نے پاکستانی شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے۔
سعودی وزیر مملکت نے سعودی عرب کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب تنازعات کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔