پاکستان، جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز ٹرافی کی رونمائی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوئی، جہاں دونوں ٹیموں کے کپتان شان مسعود اور ایڈن مارکرم نے شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کرکٹ میوزیم کا بھی دورہ کیا۔ ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا اولین ہدف 20 وکٹیں حاصل کرنا ہوگا، کیونکہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے وکٹیں لینا بنیادی شرط ہے، رنز چاہے جتنے بھی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ سیریز سے قبل ٹیم نے بہتر تیاری کی ہے اور ماضی کی کارکردگی سے سبق سیکھتے ہوئے ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شان مسعود نے کہا کہ ہوم سیریز جیتنا پاکستان کے لیے بہت اہم ہے تاکہ بیرونِ ملک سیریز میں ایک میچ جیتنے سے بھی فیصلہ ہمارے حق میں جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کھلاڑی کو مکمل طور پر تیار رکھا جا رہا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ میدان میں اتر سکے۔
پاکستان کے 18 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، حسن علی، عامر جمال، سلمان علی آغا اور خرم شہزاد شامل ہیں، جبکہ تین نئے کھلاڑی آصف آفریدی، فیصل اکرم اور روحیل نذیر کو بھی موقع دیا گیا ہے۔
سپنرز میں نعمان علی، ساجد خان، کامران غلام اور ابرار احمد شامل ہیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 12 سے 16 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
