گورنر خیبرپختونخوا کو علی امین گنڈاپور کا تحریری استعفیٰ موصول

 

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا ہاتھ سے لکھا استعفیٰ آج باقاعدہ طور پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو موصول ہوگیا ہے، جس کی تصدیق گورنر نے خود کر دی ہے۔

استعفیٰ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی نے گورنر ہاؤس پہنچایا، جہاں اسے گورنر ہاؤس کے کیئرٹیکر کے حوالے کیا گیا۔ استعفیٰ وصول کیے جانے کے بعد اس کی رسید بھی جاری کی گئی، جس پر دوپہر 2 بج کر 30 منٹ کا وقت درج ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے نجی نیوز چینل سے گفتگو میں کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ 11 اکتوبر کی تاریخ کے ساتھ موصول ہوا ہے۔ ان کے مطابق، اب استعفیٰ کی آئینی اور قانونی جانچ پڑتال کی جائے گی، جس کے بعد ہی اسے منظور یا مسترد کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ان کی قانونی ٹیم اس معاملے کا بغور جائزہ لے رہی ہے تاکہ تمام آئینی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

علی امین گنڈاپور کی جانب سے جمع کروائے گئے استعفے میں واضح طور پر تحریر ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ رضاکارانہ اور وفاداری کی بنیاد پر اپنا استعفیٰ پیش کیا ہے۔

Back to top button