پاکستان انڈر19ٹیم کی انگلینڈکو200رنزکےبھاری مارجن سےشکست

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے دورہ انگلینڈ کے چوتھے یوتھ ون ڈے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان انگلینڈ انڈر 19 کو 200 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کر لی ہے۔
ورمسلے میں کھیلے گئے اس مقابلے میں گرین شرٹس کے 350 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 20.4 اوورز میں محض 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان انڈر 19 کے کپتان فرحان یوسف اور اوپنرز نے پہلے بلے بازی کا بہترین فیصلہ کیا۔ عثمان خان اور جہانگیر بلال نے ٹیم کو 148 رنز کا بہترین آغاز فراہم کرتے ہوئے بالترتیب 79، 79 رنز بنائے۔
اس کے بعد کپتان فرحان یوسف نے محض 54 گیندوں پر 80 رنز کی جارحانہ ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ احمد حسین نے 53 گیندوں پر 63 رنز کا حصہ ڈالا، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف قائم کیا۔
351رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی شروعات اگرچہ تیز تھی تاہم پاکستانی باؤلنگ کے سامنے ان کا مڈل اور لوئر آرڈر تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا۔
انگلش کپتان رالف ایلیبرٹ نے 46 اور اسحاق محمد نے 32 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلیں، لیکن پاکستانی باؤلرز کے پے درپے وار نے میزبان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
پاکستان کی جانب سے احمد حسین نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 16 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ان کا بہترین ساتھ دیتے ہوئے نقاب شفیق، محمد صیام اور جہانگیر بلال نے 2، 2 وکٹیں حاصل کر کے انگلش اننگز کو محض 150 رنز پر محدود کر دیا۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان انڈر 19 نے اپنے دورہ انگلینڈ 2026 میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔
