پاکستانی عوام پرعزم اوروطن کے لئے متحد ہیں،عطا تارڑ

وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فوج بہادر فورس ہے جو وطن عزیز کا دفاع کرنا جانتی ہے، پاکستان کے عوام پرعزم اور اپنے وطن کے لئے متحد ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑکاغیرملکی میڈیا کوانٹرویو میں کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کا ذمہ دار بھارت خود ہے، ہمارے پاس انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ پاکستان پر حملہ کیا جائے گا۔بھارت نے بغیر شواہد کے پاکستان پر الزامات عائد کئے جبکہ پہلگام واقعے کا ذمہ دار بھارت خود ہے۔بھارت کے پاس کسی قسم کے شواہد موجود نہیں ہیں، ہمارے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ انڈیا پاکستان پر حملہ کرے گا، ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ یہ معلومات عالمی برادری سے شیئر کریں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فوج بہادر فورس ہے جو وطن عزیز کا دفاع کرنا جانتی ہے، پاکستان کے عوام پرعزم اور اپنے وطن کے لئے متحد ہیں، پاکستان پرامن ملک ہے اور ہمیشہ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں رہا ہے۔پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور ہم نے پہلگام واقعے کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی ہے تاہم بھارت نے انگلی اٹھانا جاری رکھا، ماضی میں بھی انہوں نے ایسے واقعات کے الزامات بغیر تحقیقات کے پاکستان پر عائد کئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت یہ اصرار تو کرتا ہے کہ یہ حملہ سرحد پار سے تھا لیکن اس کے پاس اپنا یہ الزام ثابت کرنے کے لئے کوئی ثبوت نہیں ہیں، کیا بھارت کے پاس کوئی شواہد ہیں کہ پہلگام حملے میں ملوث شدت پسند پاکستان میں مقیم ہیں؟۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت اب تک کسی ایک گروپ کا تعین نہیں کر سکی جو اس واقعہ میں ملوث ہو، بھارت کو دنیا کو بتانا ہوگا کہ اس میں کون ملوث ہے، صرف یہ الزام عائد نہیں کیا جا سکتا کہ اس کے پیچھے پاکستان ہے۔
عطا تار ڑنے کہا کہ پاکستان نے اس واقعہ پر منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی، پاکستان اپنے دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہم اپنا نکتہ نظر پیش کر رہے ہیں، اس ساری صورتحال میں پاکستان نہ تو جارح ہے اور نہ ہی اشتعال دلانے والا ہے۔