پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ، بھارت کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ، صدر مملکت

صدرمملکت آصف علی زرداری نےکہا ہےکہ پاکستان مضبوط ریاست ہے،جس کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے ، بھارت کا پاکستان کے ٹکڑے کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا ۔

انہوں نے پیر کے روز لاہور میں گورنرہاؤس پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی الیکشن سیل کے رکن بیرسٹر عامر حسن اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کہی، صدر ان دنوں پنجاب کے دورے پر ہیں، اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نےاس بات کا اعادہ کیا کہ پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کوایٹمی پروگرام دیا، جب کہ بینظیر بھٹو شہید نے میزائل ٹیکنالوجی دی، انہوں نے کہا کہ 2013 کی پی پی پی حکومت نے پاکستان ایئر فورس کو مزید مضبوط کیا، اور آج بھی ہم پاکستان کے دفاع کو مضبوط کر رہے ہیں۔

صدر نےمزید کہا کہ ہندوتوا نظریےکےپیروکاروں کا ’اکھنڈ بھارت‘ کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

پاکستان کا عالمی برادری سے مودی کے پرتشدد اور نفرت انگیز بیانات کا نوٹس لینے کا مطالبہ

 

انہوں نےکہاکہ ہم نے 18 سال پہلے بی بی (بینظیر بھٹو) کی شہادت کے وقت ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ لگایا، اُس وقت بھارت نے پاکستان کوکمزور کرنے کےلیےسندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، تو میں نے اُس وقت بھی پاکستان کا نعرہ لگایا اور کہا کہ سندھ پاکستان ہے اور پاکستان سندھ ہے،اور پاکستان کی تمام اکائیاں متحد ہیں۔

صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی استحکام کے لیے کام کرنا چاہتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ پارٹی پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہےتاکہ سیاسی نظام، جمہوریت،مکالمےاور سیاسی قوتوں کے درمیان ہم آہنگی کے ذریعے پنجاب اور پاکستان کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Back to top button