سورج آگ برسانے لگا، پنجاب اور سندھ میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

سندھ اور پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرمی کا راج برقرار ہے، دونوں صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کے پیشِ نظر ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق 8 سے 12 جون کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضاؤں میں ہائی پریشر سسٹم کے اثرات کے باعث سندھ کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ کراچی میں 9 سے 12 جون تک ہیٹ ویو برقرار رہنے کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موہنجودڑو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سجاول میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی 8 سے 12 جون تک صوبے بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جنوبی پنجاب اور میدانی علاقوں میں 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد سمیت متعدد اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔اسی طرح ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل اور ساہیوال میں بھی درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بڑھنے کی توقع ہے۔

حکام نے شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور خواتین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کیا جائے، پانی کا زیادہ استعمال کیا جائے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھا جائے۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، صحت کے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

Back to top button