پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 3 فیصدرہنے کاامکان ، عالمی بینک

عالمی بینک نے پاکستان ڈیولپمنٹ اپ ڈیٹ 2025 رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، اس مالی سال پاکستان کی معیشت 3 فیصد کی شرح نمو کے ساتھ ترقی کرے گی جبکہ اگلے مالی سال میں یہ شرح بڑھ کر 3.4 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

عالمی بینک نے کہا ہے کہ اس سال غربت کی شرح تقریباً 21.5 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔ رپورٹ میں غربت میں کمی اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے معاشی ترقی کی رفتار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مہنگائی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس سال مہنگائی 7.2 فیصد رہنے کی توقع ہے اور اگلے مالی سال یہ کم ہو کر 6.8 فیصد تک محدود ہو سکتی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 16 لاکھ نوجوان روزگار کے لیے مارکیٹ میں شامل ہو رہے ہیں۔

عالمی بینک نے متعدد شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے اور ریونیو میں اضافہ، سرمایہ کاری، اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے۔

عالمی بینک نے ایکسچینج ریٹ، سرکاری شعبے میں اصلاحات اور برآمدات بڑھانے پر بھی توجہ مرکوز کرنے کا کہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے، تاہم پاکستان کے برآمدی شعبے کو کئی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

Back to top button