مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کےلیے پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے : امریکی سفیر

فرانس میں تعینات امریکا کے سفیر کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان اور امریکا کے سفارتی روابط میں اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ اور فرانس میں تعینات امریکی سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے باہمی تعاون سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جب کہ امریکا اور ایران سے متعلق سفارتی پیش رفت میں پاکستان کے کردار اور تعاون کو بھی سراہا گیا۔
پاکستان نے بھارت کا علاقائی تھانیدار بننے کا خواب کیسے توڑا؟
سفارتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے فرانس میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیاکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کےلیے اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کردار ادا کرتا رہے گا۔
امریکی سفیر نے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں سفرا نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کےلیے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں۔
