PCB کا ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچز لانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں غیر ملکی کوچز شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ویمن ٹیم کے نئے سپورٹ اسٹاف میں اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، ٹرینر اور فزیو تھراپسٹ غیر ملکی ہوں گے، جبکہ موجودہ کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ تاہم ہیڈ کوچ کی ذمہ داری بدستور کسی مقامی کوچ کے سپرد کی جائے گی۔

پی سی بی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کوچز کی تقرری کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کی فٹنس اور تیاری کو عالمی معیار کے مطابق لانا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ، خواتین ٹیم کے غیر ملکی دوروں میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پاکستان انڈر-19 ویمن ٹیم کے بین الاقوامی دورے بھی بڑھائے جائیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آئیں۔

ذرائع کے مطابق، ان تمام اقدامات کو حتمی شکل دینے کی ذمہ داری نئے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز کو سونپی جائے گی — اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اہم عہدہ سابق کپتان مصباح الحق کو دیا جا سکتا ہے۔

Back to top button