گالم گلوچ سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے،فتنہ ختم ہورہاہے،مریم نواز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پیشگوئی کررہی ہوں کہ یہ فتنہ ختم ہونے جارہا ہے، گھس بیٹھیوں کی سیاست اپنے آخری دموں پر ہے، سیاست اور گالم گلوچ سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے۔
کسان کارڈ کی افتتاحی تقریب
حافظ آباد میں وزیراعلیٰ کسان کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ کسانوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے دن رات کوشش کررہے ہیں، کسان کارڈ کے اجرا پر سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔
گندم نہ خریدنےپرتنقیدسننے کوملی،مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ اس بار کسانوں سے گندم نہ خریدنے پر اپنوں اور غیروں سے بلاتفریق تنقید سننے کو ملی لیکن جہاں مجھے عوام کی روٹی کا خیال کرنا ہے وہاں کسان بھائیوں کا بھی خیال کرنا ہے، مجھے ایسی پالیسیز بنانی ہیں کہ میرے کسان بھائیوں کو نقصان نہ ہو اور کسان کارڈ اس سلسلے کی سب سے بڑی کڑی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے ہم براہ راست کسان تک پہنچ رہے ہیں، بیچ میں کوئی مڈل مین، کوئی آڑھتی اور کوئی بلیک میلر نہیں ہوگا، میرا مقصد تھا کہ کسان بھائیوں کو ان کی محنت کا پورا صلہ ملے اور انہیں کسی آڑھتی اور مڈل مین کے ہاتھوں بلیک میل نہ ہونا پڑے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ یہ بھی غلط نظریہ ہے کہ کسان سے حکومت گندم خریدتی ہے، کسان سے حکومت نہیں آڑھتی گندم خریدتا ہے اور مہنگے داموں حکومت کو فروخت کرتا ہے، حکومت نے کبھی کسان سے گندم نہیں خریدی، کسان تو اونے پونے داموں آڑھتی کو فصل بیچ دیتا ہے کہ اسے اگلی فصل کے لیے قرضہ مل جائے گا اور آڑھتی کسان کی محنت میں اپنا منافع شامل کرکے وہ گندم حکومت کو بیچ دیتا ہے۔
500ارب کا کسان پیکیج
مریم نواز نے کہا کہ یہاں جس طرح پانچ پانچ سو روپے میں باردانہ بکتا ہے، غریب آدمی تو اتنے پیسے نہیں دے سکتا، یہ امیر لوگ ہوتے ہیں جو کسان کے نام پر ایسا کرتے ہیں، حکومت پہلی مرتبہ براہ راست کسانوں تک پہنچی ہے اور 450 سے 500 ارب کا کسان پیکیج لانچ کیا ہے، اس کسان کارڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ روپیہ فی فصل بلاسود قرضہ دیا جارہا ہے، کسان ڈیڑھ لاکھ روپیہ لے گا اور ڈیڑھ روپیہ ہی واپس کرے گا، ایک روپیہ بھی سود نہیں دینا پڑے گا۔
جوڈیشل کمیشن کیلئےسپیکرنےحکومت اوراپوزیشن سےنام مانگ لئے
کسان کارڈ کیلئے 12لاکھ سے زائددرخواستیں موصول
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ گندم نہیں خریدی تو کہا گیا کہ کسان ناراض ہوگیا ہے، اگر کسان ناراض ہوگیا ہے تو کسان کارڈ کے لیے 12 لاکھ سے زیادہ درخواستیں کیوں موصول ہوئیں، ٹریکٹر اسکیم کے لیے 15 لاکھ سے زائد درخواستیں کیوں موصول ہوئیں، ہم نے 5 لاکھ کسان کارڈ کا بجٹ رکھا تھا مگر کسانوں نے پنجاب حکومت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے دیکھتے ہوئے پنجاب کارڈز کا ہدف ساڑھے 7 لاکھ کردیا ہے۔
4 لاکھ سے زائد کسان کارڈز کا اجرا
مریم نواز نے کہا کہ حکومت 4 لاکھ سے زائد کسان کارڈز کا اجرا کرچکی ہے، یہ کارڈز بیج، کیڑے مار ادویہ اور کھاد کی مد میں جاری کیے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ آڑھتیوں سے گندم نہ خریدنے کے فیصلے سے کھاد، ڈی اے پی اور بیج کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور کسان کے منافع میں اضافہ ہوگا، یوریا کی بوری 6 ہزار روپے سے 4400 پر آگئی ہے، ڈی اے پی کی بوری 13 ہزار سے 11 ہزار 900 پر آگئی ہے اور گندم کا بیج بھی سستا ہوا ہے۔
کسانوں نے کارڈ سے 6ارب کی خریداری کرلی
وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ کسان کارڈ ایکٹیویٹ ہوتے ہی کسانوں نے اس کے ذریعے کچھ دنوں میں 6 ارب روپے کی خریداری کرلی ہے، انہوں نے کہاکہ گندم نہیں خریدی تو کہا گیا کہ کسان گندم اگانا چھوڑ دیں گے مگر کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کی اکثریت نے گندم کا بیج خریدا ہے۔پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ایک سے ساڑھے 12 لاکھ ایکڑ تک زمین پر گندم اگانے والوں کو کسان کارڈ ملا ہے اور ساڑھے 12 لاکھ سے 25 لاکھ ایکڑ تک زمین پر گندم اگانے والے ایک ہزار کسانوں کو بطور تحفہ 10 لاکھ روپے مالیت کا لیزر لیولر دیا جائے گا اور 25 ایکڑ سے زائد رقبے پر گندم کاشت کرنے والے ایک ہزار کسانوں کو بطور تحفہ ٹریکر دیے جائیں گے۔
7ہزارٹیوب ویلز سولرپینل پرمنتقل
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈیزل اور بجلی پر چلنے والے 7 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے جارہے ہیں تاکہ مہنگے بلوں سے کسانوں کی جان چھوٹے، انہوں نے کہا زرعی جامعات سے فارغ التحصیل 993 طلبہ کو 60 ہزار روپے ماہوار تنخواہ پر رکھا ہے، جو کسانوں کی معاونت کررہے ہیں۔مریم نواز نے کہاکہ غریبوں کا کچن چلانے کیلیے 3 ارب روپے کے پیکیج سے ہر شہر میں آلو، پیاز، ٹماٹر کاشت کرنے جارہے ہیں۔
سیاسی نعرے نہیں عملی کام۔کسان کارڈ
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ لوگ کسان کے لیے سیاسی نعرے بہت لگاتے ہیں مگر کسانوں کے لیے عملی اقدامات صرف مسلم لیگ ن نے کیے ہیں، انہوں نے کہاکہ تحریک انتشار کے دور میں جو اسٹاک مارکیٹ زمین سے نیچے تھی اور ڈوب رہی تھی آج 91 ہزار پر چلی گئی ہے، نواز شریف حکومت چھوڑ کر گئے تو اسٹاک مارکیٹ 55 ہزار پر تھی اور آج پھر نواز شریف کی حکومت ہے تو اسٹاک مارکیٹ 91 ہزار پر پہنچ گئی ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ پچھلے 5 سال نالائقوں اور دہشت گردوں کی حکومت میں جس طرح سے پاکستان کا نقصان ہوا تھا، اسے بھرنے کے لیے 40 سال بھی کم تھے لیکن صرف 8 ماہ میں ہر آنے والا دن پاکستان کے لیے خوشخبریاں لے کر آرہا ہے، یہ غور کرنے کا موقع ہے، سیاست اور گالم گلوچ سے لوگوں کے پیٹ نہیں بھرتے، عملی کام کرنے پڑتے ہیں۔