ملک بھر میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے،وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ملک میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کی جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ شیڈنگ، بجلی چوری کی روک تھام اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے بجلی کی عدم فراہمی سے متعلق شکایت کے بروقت اندراج کے لیے تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی سہولت کے مؤثر اور متحرک نظام قائم کرنے کی ہدایت کردی ۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ نئے ٹرانسفارمرز کی خریداری صرف اور صرف بین الاقوامی معیار کی خصوصیات کے مطابق ہو۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے عالمی سطح پر رائج جدید نظام سے استفادہ لیا جائے۔
شہبازشریف نے صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور ساتھ دینے اور بجلی چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے کی ہدایت کردی۔
نان فائلرز مکان اور گاڑی نہیں خرید سکیں گے، حکومت نان فائلرز کے خلاف صف آراء
وزیراعظم نےملک میں اوور بلنگ کے سدباب کی سختی سے ہدایت کردی ۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوور بلنگ کے ضمن میں یکم اپریل سے 30 مئی تک 134 مقدمات درج اور 90 ملازمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی تنظیم نو کے عمل میں اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے سلسلے میں آئیندہ سال کے ترقیاتی بجٹ میں 124611 ٹرانسفارمرز کی میٹرنگ کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے IESCO کے ایک تہائی صارفین سمارٹ میٹرز پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔بعد ازاں اس منصوبے کا دائرہ کار ملک کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جائے گا۔
اجلاس میں ملکی سطح پر بجلی کی طلب و رسد اور لوڈ شیڈنگ کے رجحانات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایاگیا کہ بہتر ریکوری والی علاقے لوڈشیڈنگ فری، جبکہ بجلی محکموں کے نادہندہ اور بجلی چوری کے علاقوں میں صرف جزوی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو انسداد بجلی چوری مہم کی اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور آحد خان چیمہ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضال اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔