وزیراعظم  کی سعودی ولی عہد کوہرفورم پربھرپورتعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے سعوی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان سعودی عرب کا ہر فورم پر بھرپور ساتھ دے گا۔

دوحہ میں منعقدہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات نہایت خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوحہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی کارروائی کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہاکہ یہ عمل مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ سازش ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور بصیرت افروز قیادت کو خراج تحسین پیش کیا جس کے نتیجے میں امت مسلمہ ایک اہم موڑ پر متحد ہو رہی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہر سطح پر سعودی عرب کا بھرپور ساتھ دے گا، خصوصاً اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں، جہاں پاکستان اس وقت غیر مستقل رکن ہے، اور دیگر تمام عالمی و علاقائی فورمز بشمول او آئی سی میں بھی پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔

شہباز شریف نے کہاکہ دوحہ میں ہنگامی اجلاس کا انعقاد دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ مسلمان اسرائیل کی غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ جارحیت کے خلاف یک زبان ہیں، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے مشکل اور کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان کے رواں ہفتے متوقع سرکاری دورہ ریاض کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس دورے سے دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی جامع بات چیت کا موقع ملے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے دلی احترام اور نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔

Back to top button