وزیراعظم کی سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بننے پر مبارک باد اور بھرپور تعاون کی پیش کش

وزیراعظم شہباز شریف نے چترال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے پر فون پر مبارک باد دی اور تعاون کی پیشکش کی، امید ہے وہ میری پیشکش کو قبول کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے کسی نے چترال میں دانش سکول کا نہیں کہا یہ میرا تحفہ ہے۔آج چترال کے عوام کو ان کا حق دینے آیا ہوں، اس سے ہونہار بچوں کو بہترین تعلیمی مواقع مفت میسر آئیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چترال کے عوام کا جدید تعلیم کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے، دور دراز کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی میری ترجیح ہے۔وفاقی وسائل سے دور دراز علاقوں میں سہولیات فراہم کر رہےہیں،عوام کو سہولیات کی فراہمی ریاست کا فرض ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں امن و اتحاد کا ثبوت دینا چاہیے، سیاست کریں لیکن ملک کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کےلیے ایک رہیں، سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہونے پر فون پر مبارک باد دی، تعاون کی پیشکش کی، امید ہے وہ میری پیشکش کو قبول کریں گے۔
وزیراعظم نے معرکہ حق میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواج پاکستان کی بہادری کو سراہا،جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنےپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کو عظیم بنائیں گے،پاکستان کو اللّٰہ تعالیٰ نے بےپناہ معدنیات سے نوازا ہے،نوجوان بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوا کر اثاثہ بنوائیں گے،چترال کے بچوں اور بچیوں کو بھی لیپ ٹاپس دیے جائیں گے۔
