ہم آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے ہیں : بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری جماعت آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے،کشمیر کے مسائل کا سیاسی حل موجود ہے اور مسائل کا حل نکالنا ہی پیپلزپارٹی کی پہچان ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی سازش کی وجہ سے آزاد کشمیر میں ایک خلا پیدا کیا گیا،پیپلزپارٹی واحد جماعت ہےجو ملکی اور عالمی سطح پر کشمیر کی نمائندگی کر سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا اعلان اسلام آباد سے نہیں بلکہ کشمیر سے ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپنے پارلیمانی ساتھیوں اور نئے شامل ہونےوالے ساتھیوں کا شکر گزار ہوں،کوشش ہوگی کشمیری عوام کی امنگوں پر پورا اتریں۔کشمیریوں سے وعدہ کرتا ہوں ان کو مایوس نہیں کروں گا،کشمیریوں کے جو مسائل ہیں ان کا سیاسی حل ہے۔
