وزیراعظم کی پنجاب بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپورتیاری کی ہدایت

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کو بھرپور تیاری کے ساتھ حریفوں کا مقابلہ کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔
عمران خان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کیلئے مضبوط اُمیدوار ڈھونڈنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ خان نیازی ،عامر کیانی اور وزیر بلدیات میاں محمود الرشید بھی شامل ہیں۔
کمیٹی پنجاب میں میئرز اور ضلع کونسل کے چیئرمینوں کیلئے پارٹی کے مضبوط امیدوار تلاش کرنے میں کردار ادا کرے گی اور مضبوط پارٹی امیدواروں کے حوالے سے کام کریگی ، عمران خان نے یہ بھی ہدایات دیں کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو اسمبلی سے جلد منظور کرایا جائے۔
اس کے علاوہ عمران خان نے اُمیدواروں کے انتخاب، پارٹی ٹکٹس کی تقسیم اور ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کر دی ۔
