وزیراعظم کی چینی صنعت کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم  شہباز شریف نے چینی صنعت کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم ہاؤس میں چین کی شینڈونگ زن زو گروپ کارپوریشن کے وفد نے چیئرمین ہیو جیانزن کی قیادت میں ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شپ بریکنگ، شپ ری سائیکلنگ، ماہی گیری، فش پراسیسنگ اور کھجوروں کی پراسیسنگ کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ شینڈونگ گروپ پاکستان میں میری ٹائم انڈسٹریل کمپلیکس اور گرین شپ بریکنگ یارڈ کے قیام میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور مختلف منصوبوں پر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

کمپنی کے چیئرمین ہیو جیانزن نے سرمایہ کاروں کے لیے حکومت کی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں اپنے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!