بیرسٹر گوہر کا 9 مئی پر معافی سے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے ، ترجمان پی ٹی آئی

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے 9 مئی پر معافی سے متعلق بیان پر ترجمان پی ٹی آئی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جارہا ہے، میڈیا میں چلنے والا بیان حقائق کے منافی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بیرسٹر گوہر علی خان کے حوالے سے نشر ہونے والے بیانات درست نہیں،پارٹی کی جانب سے نہ کوئی معذرت نامہ جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی دباؤ میں آکر مؤقف بدلا گیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مؤقف وہی ہے جو عمران خان نے ہمیشہ پیش کیا،پارٹی اپنے بیانیے اور جدوجہد پر قائم ہے۔پی ٹی آئی کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے لیکن تحریک انصاف کا نظریہ اور جدوجہد اپنے قائد کے وژن کے مطابق جاری ہے۔
واضح رہے کہ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھاکہ خزاں میں اتنی تیزی سے پتے نہیں گرتے جتنی تیزی سے ہمارے اراکین نااہل ہوئے، ہم سے بھی غلطیاں ہوئیں لیکن اب بس ہونا چاہیے۔
