چینی وزیر خارجہ وانگ ای 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

چین کے وزیر خارجہ وانگ ای تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزیرخارجہ کا نور خان ایئربیس پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان میں چینی سفارت خانے کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ایئربیس پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے چینی وزیر خارجہ کو پھول پیش کر کے خوش آمدید کہا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران اسلام آباد میں پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا اجلاس منعقد ہوگا، جس کی مشترکہ صدارت اسحاق ڈار اور وانگ ای کریں گے۔
یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
