وزیراعظم کی قطر کو SIFCکے تحت سرماریہ کاری کی دعوت

پاکستان اور قطر نے توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی نے ملاقات کی، جو پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی شریک صدارت کے لیے اسلام آباد کے دورے پر ہیں۔

وزیراعظم نے پاک قطر تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور قطر کو پاکستان کا اہم شراکت دار اور علاقائی سطح پر بااثر ثالث قرار دیا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے توانائی، زراعت، غذائی تحفظ، آئی ٹی، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے مواقعوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

انہوں نے قطری سرمایہ کاروں کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے فریم ورک کے تحت نئے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

شیخ فیصل بن ثانی نے قطری قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے قطر کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں قطر کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مشترکہ سمجھ بوجھ کو عملی شکل دینے کے لیے قریبی روابط برقرار رکھے جائیں گے۔

Back to top button