وزیرعظم کی چودھری نثارسےملاقات،واپسی کی دعوت بھی دیدی

وزیراعظم شہبازشریف کی چودھری نثارسےملاقات،مسلم لیگ ن میں واپس کی دعوت بھی دےڈالی۔

 وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چوہدری نثار کی خیریت دریافت کی اور ہنستے ہوئے کہا: ’’آپ تو لگتا ہے ہمیں بھول گئے ہیں۔اس پر سابق وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ وہ ان دنوں علیل رہتے ہیں، جس پر وزیراعظم نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔اللہ آپ کو جلد صحت عطا فرمائے۔

ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے وزیراعظم کی جانب سے دی گئی دعوت پر فوری طور پر کوئی حتمی جواب نہیں دیا، اور کہا کہ وہ صحت یابی کے بعد قریبی رفقا سے مشاورت کرکے فیصلہ کریں گے۔ملاقات خوشگوار اور پُرخلوص ماحول میں ہوئی، اور چوہدری نثار نے وزیراعظم کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان یہ ملاقات گزشتہ آٹھ برسوں میں دوسری بار ہوئی ہے۔ گزشتہ سال بھی دونوں کی سات سال بعد خاموش ملاقات ہوئی تھی، جو سیاسی حلقوں میں خاصی توجہ کا باعث بنی تھی۔

وزیراعظم کی ملاقات کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

یاد رہے کہ چوہدری نثار علی خان، جو ماضی میں مسلم لیگ (ن) کے اہم ترین رہنما شمار ہوتے تھے، 34 سالہ وابستگی کے بعد 2018 میں پارٹی سے علیحدہ ہو گئے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا ہے، کیونکہ وہ اقتدار نہیں بلکہ عزت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

بعد ازاں وہ 2018 کے عام انتخابات میں راولپنڈی کی چار قومی و صوبائی نشستوں پر آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اُترے اور دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے زیادہ تر پارٹی ٹکٹ ’’سیاسی یتیموں‘‘ کو دیئے۔

چوہدری نثار طویل عرصے سے عملی سیاست سے دور ہیں، تاہم ان کی حالیہ ملاقات نے ایک بار پھر ان کی ممکنہ سیاسی واپسی کے امکانات کو ہوا دے دی ہے۔

Back to top button