وزیراعظم اور نواز شریف کی ملاقات، پاک-افغان سرحدی صورتحال پر گفتگو

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے جاتی امرا میں اہم ملاقات کی، جس میں پاک-افغان سرحدی کشیدگی سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ بات چیت کے دوران وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے خیریت دریافت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک-افغان سرحدی صورت حال پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قومی سلامتی سے متعلق امور پر مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں افغانستان کی جانب سے پاک-افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس جوابی کارروائی میں متعدد افغان طالبان اور دہشت گرد عناصر مارے گئے، جب کہ ان کے ساتھی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے جارحیت کا بھرپور جواب دیا، اور پاکستان کی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button