امریکا سے تعلقات بہتر، چین سے اسٹریٹجک تعاون مزید مستحکم بنائیں گے ، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے ہیں جبکہ چین کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات مزید بہتر بنانے ہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے میجر عدنان اسلم کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج نے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت قوم آج آزاد فضا میں سانس لے رہی ہے، ہمیں اپنے شہدا کے اہلِ خانہ کے شکر گزار رہنا چاہیے۔
شہباز شریف نے اس موقع پر سوشل میڈیا پر ہونے والے منفی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھے چند عناصر اداروں اور ان کی قیادت کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیراعظم کے مطابق، نفرت انگیز بیانیے کی بیخ کنی اور دہشتگردی کے فتنے کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کا حالیہ دورہ کامیاب رہا اور بزنس ایونٹ بھی سودمند ثابت ہوا، تاہم قومی منصوبوں میں سست روی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ بلوچستان، چترال اور گلگت بلتستان میں موجود معدنی وسائل کے حوالے سے امریکی کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتیں طے پائی ہیں۔
سیلابی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں ہزاروں ایکڑ زمین زیرِ آب آچکی ہے اور اب پانی سندھ میں داخل ہورہا ہے۔ انہوں نے نقصانات کے تخمینے کی فوری ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات راتوں رات ختم نہیں ہوسکتے، دعا ہے کہ سندھ میں کم نقصان ہو۔
قطر پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین اور قطر میں بے گناہ خون بہایا جا رہا ہے، جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قطر کے ساتھ پاکستان مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور مشکل وقت میں امیرِ قطر کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا گیا ہے۔
