وزیرِ اعظم شہباز شریف کااتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ

وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سےکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا اہتمام کیاگیا۔
وزیرِاعظم نے عشائیے میں شرکت پر شرکا کا خیرمقدم کیا اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سمیت تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہان کے مشکور ہیں جنہوں نے قومی مفاہمت کی سوچ کو عملی جامہ پہنایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق کی مضبوطی، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے 27ویں آئینی ترمیم ایک تاریخی قدم ہے۔ موجودہ حکومت کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیاں اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور عالمی سطح پر مثبت امیج بھی اتحاد اور مشاورت کی سیاست کا ثمر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور سیاسی و معاشی استحکام کے باعث ملک کی سمت درست ہو چکی ہے۔ وزیرِاعظم نے زور دیا کہ ترقی و خوشحالی کے سفر کو آگے بڑھانے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
