پی ٹی آئی کا9مئی کےمقدمات میں سزائیں چیلنج کرنےکااعلان

پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے 9 مئی کے مقدمات کے فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پرتشدد واقعات سے متعلق سنائی گئی سزائیں انصاف اور عدل کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ یہ فیصلے قانونی اصولوں اور منصفانہ ٹرائل کے تمام تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے محض سیاسی انتقام کی بنیاد پر دیے گئے، جن میں شفافیت کو بالائے طاق رکھا گیا اور ملزمان کو اپنے دفاع کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر، دیر رات بند کمروں میں چلائے گئے ٹرائل کا مقصد کارروائی کو عوام اور میڈیا سے چھپا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنا تھا۔ بے بنیاد شواہد اور کمزور گواہیوں کو قانونی جواز کے بغیر قبول کرنا انصاف کے اصولوں کی توہین ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پرامن اور قانون کی پاسداری کرنے والے رہنماؤں پر دہشت گردی کے الزامات لگا کر سزا دینا آئین اور انصاف دونوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ یکے بعد دیگرے سنائے گئے ان متنازعہ فیصلوں کا مقصد تحریک انصاف کو دیوار سے لگانا اور قیادت کو خوفزدہ کرنا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے ایک ہی طرز کے فیصلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عدالتی نظام اپنی ساکھ کھو چکا ہے، تاہم یہ فیصلے پی ٹی آئی کو جمہوری حقوق اور آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد سے نہیں روک سکتے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی ان تمام غیر منصفانہ فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں اپیل کرے گی اور انصاف کی جنگ آخری حد تک لڑے گی۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات ختم کیے جائیں اور قانون و انصاف کی روح بحال کی جائے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے بے گناہ قائدین اور کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے ہر قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کرے گی، جبکہ اس فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ہر سطح پر سیاسی، عوامی اور قانونی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
